Official Website

پنجاب‘ مریم نوازکی ہدایت پرپہلی اایئر ایمبولینس سروس کا میانوالی سے آغاز

36
Banner-970×250

راولپنڈی /داؤدخیل(صدام اجنبی سے)پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کی پہلی ائیر ایمبولینس نے کام شروع کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پوراکردیا اور پاکستان کی تاریخ کی پہلی ائیر ایمبولینس نے کام شروع کر دیا۔میانوالی کے علاقے پپلاں سے پہلی خاتون مریضہ حلیمہ خاتون زوجہ پرویز خان اور ایک اٹینڈنٹ منور ولد اکثیر خان کواتوارکو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے پی اے ایف بیس میانوالی سے اسلام آباد نور خان ایئر بیس پہنچایاگیا،جسے ریسکیو 1122 نے فوری علاج و معالجہ کے لیے سپیشل کئیر ہسپتال(ڈی ایچ کیو راولپنڈی)شفٹ کیا۔میانوالی میں 2 روز قبل چھت سے گرنے والی خاتون کو راولپنڈی منتقل کردیاگیا۔ حلیمہ بی بی کو ائیرایمبولینس کے ذریعے میانوالی سے راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ حلیمہ بی بی کی جان بچانے کیلئے بڑے ہسپتال میں منتقل کرنا ضروری تھا اور میانوالی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے سرجن نے خاتون کے علاج کیلئے راولپنڈی ریفر کیا۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پرخاتون کو’گولڈن آور‘ میں میانوالی سے راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔اس ائیر ایمبولینس کی فضائی نگرانی میانوالی کے قابلِ فخر سپوت ریسکیو 1122 کے ڈی جی ڈاکٹررضوان نصیراورشمالی پنجاب کے سینئر ایئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عتیق احمد خان نیازی کررہے تھے۔ ڈاکٹر عتیق احمد خان نیازی نے اس بارے میں بتایاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جس میں مریض کو ابتدائی طور پر لایا جاتا ہے، وہاں پر موجود سپیشلسٹ ڈاکٹرز فیصلہ کریں گے کہ مریض کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے مریض کو بڑے ہسپتال منتقل کیا جائے تو متعلقہ ہسپتال کا میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ریسکیو 1122 کے ضلعی ریسکیو آفیسر سے رابطہ کرکے مریض کو بڑے(ٹرچری کئیر)سیٹ اپ پر شفٹ کرنے کے بارے میں آگاہ کرے گا جس پر ضلعی ریسکیو آفیسر متعلقہ ائیر ایمبولینس کے سینئر ائیر میڈیکل آفیسر سے رابطہ کرکے مریض کو فوراً(ٹرچری کئیر)ہسپتال میں شفٹ کرنے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرے گا۔انہوں نے بتایاکہ مریض کو نزدیک ترین جہاں پر ائیر ایمبولینس کے اترنے کی جگہ ہوگی وہاں سے ریسکیو کرکے لاہور یا اسلام آباد بہترین علاج کے لیے شفٹ کردیا جائے گا۔دریں اثناء اس حوالے سے مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پوراکردیا اور پاکستان کی تاریخ کی پہلی ائیر ایمبولینس نے کام شروع کر دیا، مریضہ کو فوری علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔دوسری جانب حلیمہ بی بی کے اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے دعا کی کہ ”مریم نواز شریف رحمت کا فرشتہ ثابت ہوئیں، اللہ تعالیٰ انہیں زندگی اور کامیابی دے“۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے حلیمہ بی بی کے اہل خانہ کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ”جس نے ایک جان بچائی، اس نے پوری انسانیت کو بچایا، اللہ تعالیٰ کے حکم پر عمل کیا، الحمدللہ۔ دعا اور دلی آرزو ہے کہ ہر شہری کی زندگی سے ہر دکھ مٹا دوں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے حلیمہ بی بی کی صحت یابی کے لیے پوری قوم سے دعا کی اپیل کی۔