حکومت کا نیب ترامیم کیس کے حکم نامے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت نے نیب ترامیم کیس کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کے معاملے میں پیش رفت ہوگئی۔وفاقی حکومت نے نیب ترامیم کیس کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو نیب ترامیم کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے نیب ترامیم کالعدم قرار دے دی تھیں۔عدالت نے بے نامی کی تعریف، آمدن سے زائد اثاثوں اور بار ثبوت استغاثہ پر منتقل کرنے کی نیب ترمیم کالعدم قرار دے دی جس کے بعد سیاست دانوں کے 50 کروڑ سے کم مالیت کے کرپشن کیسز ایک بار پھر نیب کو منتقل ہوگئے۔عدالتی فیصلے کی روشنی میں نیب نے نواز شریف، زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال کردیے ہیں۔