Official Website

وزیرخزانہ اسحاق ڈار مالی سال 24-2023 کا بجٹ پیش کر دیا

114
Banner-970×250

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں نئے مالی سال 24-2023 کے لیے 14 ہزار 60 ارب روپے کا بجٹ پیش کررہے ہیں جس میں 700 ارب کے نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی شامل ہیں۔
اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا بجٹ شروع ہوا۔ اسحاق ڈار نے بجٹ کی تجاویز پیش کرنے سے قبل بدترین معاشی اعداد وشمار کے اسباب پر روشنی ڈالی اور ساری ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابقہ حکومت پر ڈال دی۔
’مخلوط حکومت کے مشکل فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ مخلوط حکومت کے مشکل فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا، حکومت نے آئی ایم ایف کی نویں جائزے کی تمام شرائط کو پورا کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت کی اولین ترجیح ہے، حتی المقدر کوشش ہے کہ جلد سے جلد اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے، کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے زیادہ سے زیادہ اقدامات کیے جائیں۔
’معاشی مشکل حالات کی ذمے داری سابقہ حکومت ہے‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج ملک مشکل ترین معاشی حالات سے گزر رہا ہے، معاشی مشکل حالات کی ذمے داری سابقہ حکومت ہے، پی ٹی آئی نے ایسے اقدامات کیے جو آئی ایم ایف کی شرائط کے صریحاً خلاف تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 4 سالہ حکومت میں گردشی قرضوں میں 1319 ارب اضافہ ہوا، ، 2018 میں ایک سلیکٹڈ حکومت وجود میں آئی، اس کی ناکام معاشی کارکردگی کے سبب پاکستان 24 ویں بڑی معیشت کے درجے سے گر کر 47 ویں نمبر پر آگیا۔
بجٹ 24-2023 کے نمایاں خدوخال
ضروری اشیاءکی درآمد پر ڈیوٹی میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا
تجارتی سہولیات اور کاروباری آسانیاں
صنعت کاری اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی
زرعی شعبہ کے لئے مراعات
توانائی کی بچت کا فروغ
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کی حامل خدمات کا فروغ
ریلیف اقدامات
مخصوص کاغذ اور آرٹ کارڈ اور قرآن کریم کی اشاعت کیلئے بورڈ پر کسٹمز ڈیوٹیز کا استثنی
ایک مزید اے پی آئی اور موجودہ ڈیوٹی رجیم میں تین ادویات کو شامل کرتے ہوئے فارما سیکٹر میں مراعات
سولر پینلز اور ملحقہ آلات کی تیاری پر مراعات، مشینری، آلات اور سولر پینلز، انورٹرز اور بیٹریز کی مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے سامان کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کی حامل خدمات کے درآمد کنندگان کیلئے مراعات ۔ آئی ٹی سے متعلقہ سازو سامان پر ڈیوٹی فری کی اجازت (اپنی برآمد کی ویلیو کے 1 فیصد کے مساوی)
10 پی سی ٹی کوڈز کے تحت آنے والے صنعتی سازوسامان کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹیز اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹیز میں کمی
ڈائپرز، سینٹری نیپکنز اور چپکنے والی ٹیپ کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
کپیسٹرز کی تیاری کے لئے استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی میں رعایت
ہیوی کمرشل وہیکلز کی نان لوکلائزڈ پر 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی میں 5 فیصد کمی
ہیومڈلائزر فلوڈ/پاوڈر کے خام مال کی درآمد پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی میں استثنیٰ
سابقہ فاٹا ایریاز کیلئے مشینری اور آلات کی درآمد پر استثنیٰ میں جون 2024ءتک توسیع
اسنیکس اور خوراک کی تیاری کے لئے فلیور پاوڈرز کی درآمد پر جون 2024ءتک رعایت میں توسیع
آرگینک کمپوزٹ سولوینٹ اور تھنرز پر کسٹم ڈیوٹی میں استثنیٰ
پولسٹر یارن کی تیاری کیلئے پیٹ اسکریپ کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی میں کمی
مولڈز اینڈ ڈائیز کی تیاری کے لئے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
مائننگ مشینری کیلئے خام مال/سازوسامان پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
رائس مل مشینری کے خام مال/سازوسامان پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
مشین ٹولز کے لئے خام مال/سازوسامان پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
آٹو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی (اے آئی ڈی ای پی) 2021-26ءکے ساتھ کسٹم ایکٹ سے پانچویں شیڈول کے پیرا پانچ کو شامل کرنا
زرعی شعبہ میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے بیجوں کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
کمرشل فش فارمز اور ہیچریز میں بریڈنگ کے لئے درآمد پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
ورلڈ فوڈ پروگرام کے تصدیق شدہ مینوفیکچررز کے استعمال کے لئے تیار سپلیمنٹری فوڈ (آر یو ایس ایف) کی تیاری کیلئے روزسٹڈ پینٹس پر کسٹمز ڈیوٹیز میں استثنیٰ
مقامی انڈسٹری کے تحفظ کے لئے کیلشم آف کاربائیڈز پر 3 فیصد کسٹم ڈیوٹیز میں اضافہ کر کے 11 فیصد کر دیا گیا۔
بجٹ مسودہ وفاقی کابینہ سے منظور
حکومت نے بجٹ برائے مالی سال 24-2023 کا مسودہ تیار کرلیا جسے وفاقی کابینہ نے منظور کرلیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی اسمبلی میں بجٹ کی تجاویز پیش کررہے ہیں۔ بجٹ میں جی ڈی پی کا 7.7 فیصد یا 6 ہزار ارب روپے سے زائد کا خسارہ متوقع ہے جبکہ ملکی آمدن کا تخمینہ 9200 ارب لگایا گیا ہے۔
ایف بی آرکے لیے ٹیکس محصولات اور نان ٹیکس آمدن کیلیے 2800 ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے جس میں 55 فیصد سے زائد صوبوں کو منتقل کیے جائیں گے، وفاق آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر 950 ارب روپے خرچ کرے گا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 200 ارب کے منصوبے شروع ہوں گے، صوبے ترقیاتی منصوبوں پر 1559 ارب روپے خرچ کریں گے۔ دفاع کیلیے 1800 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ایف بی آر آئندہ مالی سال 1900 ارب اضافی اکٹھے کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پراپرٹی سیکٹر، کمپنیوں کے منافع پر نئے ٹیکسز عائد کیے جائیں گے،پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح مزید بڑھائے جانے کا امکان ہے ، بجٹ میں 18 فیصد سیلز ٹیکس کی اسٹینڈرڈ شرح عائد کی جائے گی، لگژری آئٹمز پر 25 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ ایک ہزار سی سی سے بڑی امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کی تجویز ہے۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 700 ارب سے زائد کے نئے ٹیکس عائد کیے جائیں گے، نان فائلرز کے لیے میوچل فنڈز، ریئل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر 30 فیصد سے زائد ٹیکس لگایا جائے گا۔
درآمدی لگژری اشیاء پر ودہولڈنگ ٹیکس کو بڑھایا جائے گا، پراپرٹی سیکٹر کا لین دین کرنے والے نان فائلرز کیلیے ودہولڈنگ ٹیکس دگنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنز سے متعلق تین تجاویز زیر غور ہیں۔ پے اینڈ پنشن کمیشن نے ملازمین کے میڈیکل اور کنوینس الاؤنسز میں100 فیصد اضافہ کرکے تنخواہوں میں ایڈہاک الاؤنس کی مد میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جبکہ پینشنرز کے میڈیکل الاؤنس میں بھی 100 فیصد اضافہ کرکے پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
دوسری تجویزہے کہ گریڈ ایک تا 22 کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کے ساتھ میڈیکل اور کنوینس الاؤنس بھی بڑھایا جائے۔ جبکہ پنشنرز کا میڈیکل الاؤنس بڑھانے کے ساتھ ساتھ پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا جائے۔
تیسری تجویز کے مطابق گریڈ ایک تا 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد کیا جائے۔ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جائے۔
ملازمین کے میڈیکل اور کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ جبکہ پنشنز کے میڈیکل الاؤنس میں اضافے کے ساتھ ساتھ پنشن میں بھی 20 فیصد اضافہ کیا جائے۔ ای او بی ایمپلائز کی پنشن اور مزدور کی کم از کم اجرت بڑھانے کی تجاویز بھی بجٹ میں شامل ہیں۔
بینک ٹرانزیکشن، لگژری اشیا سمیت دیگر اشیا پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 9200 ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو 2800 ارب روپے مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ، ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کرنے کے لیے 200 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں 50 ہزار روپے سے زائد کی بینکنگ ٹرانزیکشن پر 0.6فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے اس کے علاوہ نان فائلرز کے لیے میوچل فنڈز اور ریئل انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر 30 فیصد سے زائد ٹیکس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بجٹ میں درآمدی لگژری اشیاء پر وِد ہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائے گا، پراپرٹی سیکٹر میں نان فائلرز کے لیے وِدہولڈنگ ٹیکس دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجوزہ فنانس بل کے مطابق نان فائلرز کے لیے پرائز بانڈز کی خریدوفروخت کرنے والوں پر وِد ہولڈنگ ٹیکس بڑھایا جائے گا۔
پراپرٹی سیکٹر میں پلاٹ کی خریدوفروخت پر وِدہولڈنگ ٹیکس نان فائلرز کے لیے دگنا ہوگا، بجٹ میں نان فائلرز کے وِد ہولڈنگ ٹیکس کی شرح فائلرز کی نسبت دگنی کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بجٹ میں ریئل اسٹیٹ کا لین دین دستاویزی بنانےکے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر استعمال شدہ رہائشی،کمرشل، انڈسٹری پلاٹ اور فارم ہاؤس پر ٹیکس لگےگا، مشینری، کمرشل رینٹ پر وِدہولڈنگ ٹیکس لگانےکا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سبسڈی کا حجم تقریباً 1300 ارب روپے تجویز کیا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ سبسڈی پاور کے شعبے کیلیے رکھی جا رہی ہے جو 976 ارب روپے ہو گی۔
علاوہ ازیں بجٹ میں آئی ٹی اور آئی سے متعلق سروسز پر ٹیکس میں رعایات دی جارہی ہیں تاکہ آئی ٹی و آئی ٹی سے متعلق مصنوعات و سروسز کی برآمدات میں اضافہ ہوسکے ۔
آئندہ مالی سال 24-2023 کے وفاقی بجٹ میں موبائل فون،جانوروں کی خوراک،کاسمیٹکس ،کنفیکشنریز،چاکلیٹس و پیک شدہ فو سمیت تین درجن سے زائد درآمدی اشیائے تعیشات اور نان فائلرز پر ٹیکس کی شرح بڑھائے جانے کا مکان ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں مہنگے اوردرآمدی موبائل فونز مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے، اس کے علاوہ بجٹ میں 100 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل پر ڈیوٹی بڑھنے کا امکان بھی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ انرجی سیور بلب، فانوس اور ایل ای ڈی مہنگی ہوگی، امپورٹڈ الیکٹرانکس آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد برقرار رہے گا جب کہ درآمدی میک اپ کے سامان لپ اسٹک، مسکارے اور فیس پاوٴڈر پر سیلز ٹیکس 25 فیصد برقرار رہے گا۔
ذرائع کے مطابق بالوں کے لیے امپورٹڈ کلرز، ڈائیرز، پالتو جانوروں کی امپورٹڈ خوراک، امپورٹڈ برانڈڈ شوز ، خواتین کے امپورٹڈ برانڈ کے پرس، امپورٹڈ شیمپو، صابن اور لوشن پر بھی سیلز ٹیکس 25 فیصد رہے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئندہ بجٹ میں امپورٹڈ سن گلاسز، پرفیومز ، امپورٹڈ پرائیویٹ اسلحہ، برانڈڈ ہیڈ فونز، آئی پوڈز، اسپیکرز ،امپورٹڈ لگژری برتنوں، امپورٹڈ دروازے اور کھڑکیاں، باتھ فٹنگز ، ٹائلز، سینیٹری ، امپورٹڈ کارپٹس اورغالیچے پرسیلز ٹیکس کی شرح 25 فیصدپربرقرار رہے گی۔اس کے علاوہ امپورٹڈ انرجی ڈرنکس، امپورٹڈ جوسز ، گاڑیوں، موسیقی کے امپورٹڈ آلات، امپورٹڈ بسکٹ، بیکری آئٹمز ، امپورٹڈ چاکلیٹ اور کینڈی پر سیلز ٹیکس 25 فیصد پر برقرار رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 25 فیصد کی سطح پر رہنے سے 55 ارب روپے کے لگ بھگ اضافی ریونیو حاصل ہوگا۔