پاک بھارت آبی تنازعات پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار
اسلام آباد: بھارت نے پاکستان کے لکھے گئے خط کا ایک ماہ بعد بھی جواب نہیں دیا۔ اک بھارت آبی تنازعات پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور اس نے پاکستان کے لکھے گئے خط کا ایک ماہ بعد بھی جواب نہیں دیا، جس کی وجہ سے مئی میں نئی دہلی میں ہونے والے پاک بھارت آبی مذاکرات تاخیر کا شکار ہوگئے ہیں، جب کہ شیڈول کے مطابق پاک بھارت آبی ماہرین کا اجلاس مئی میں نئی دہلی میں ہونا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پاک بھارت آبی ماہرین کا تین روزہ اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہوا تھا اور اس اجلاس میں مئی میں نئی دہلی میں مذاکرات پر اتفاق ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے انڈس وائر کمیشن اجلاس کے انعقاد کے لیے بھارتی ہم منصب کو جلد دوسرا خط لکھا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر بنائے جانے والے منصوبوں پر اعتراض ہے، جب کہ بھارت دریائے سندھ پر بھی غیر قانونی ابی منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے چکا ہے، بھارت کی جانب سے آبی منصوبے تعمیر کرنے سے پاکستان دریاوں میں پانی کا بہاو کم ہو گا۔