پاکستان اور امریکہ فضائی مشقیں فیلکن ٹیلن آپریشنل ائیربیس پر اختتام پزیر
اسلام آباد(پ۔ر) ایئر مارشل زاہد محمود ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف (پرسنیل) اور امریکی سفیر محترمہ انجیلا ایگلر نے پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر جاری پاکستان اور امریکی فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقوں فیلکن ٹیلن کا معائنہ کیا۔ فضائی مشقوں کا آغاز 26 فروری کو پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی تعیناتی سے ہوا۔ مشق کا مقصد حقیقت پسندانہ عصری منظرناموں میں پیچیدہ فضائی آپریشنز میں انٹر آپریبلٹی کا فروغ تھا۔ ائیر مارشل زاہد محمود نے دونوں فضائی افواج کے عملے سے بات چیت کرتے ہوئے شرکاء کو مشقوں کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ان اہم مشقوں کے بہترین اور پیشہ ورانہ انعقاد پر فضائی اور زمینی عملے کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فضائی افواج کے درمیان قابلِ رشک دوستانہ تعلقات کی تاریخ ایک طویل عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ مشقیں دونوں فضائی افواج کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون اور انٹرآپریبلٹی کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔