سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں سپرد خاک
اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں سپرد خاک کردیاگیا۔نماز جنازہ میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،وفاقی وزراء اور اراکین پارلیمنٹ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رحمان ملک کورونا وبا کی وجہ سے کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔ان کی نماز جنازہ ایچ ایٹ قبرستان اسلام آباد میں ادا کی گئی،جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفر الحق،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وفاقی وزراء شبلی فراز، غلام سرور خان سمیت کئی موجودہ وسابق پارلیمنٹیرینز سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سابق چیرمین سیینٹ نیّر بخاری، چیئرمین پیمرا سلیم بیگ، فرحت اللہ بابر، کنور دلشاد، ضیا اللہ شاہ ،فیصل کریم کنڈی، ن لیگ کے راجہ حنیف اور سردار نسیم ،پیپلز پارٹی کے تاج حیدربھی نماز جنازہ کی ادائیگی کیلئے ایچ ایٹ قبرستان آئے۔ زمرد خان بھی سویٹ ہوم کے بچوں کو لیکر ایچ ایٹ قبرستان پہنچے۔