حکومت کیخلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں، آصف زرداری کی فضل الرحمان کو یقین دہانی
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ دونوں رہنماؤں میں سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔جے یوآئی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ عدم اعتماد کے معاملے پر پوری اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے۔مولانا فضل الرحمان آج رائیونڈروڈ لاہور میں علما مشائخ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔یاد رہے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 2 روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہورپہنچے تھے اور پی ڈی ایم کے ورچوئل اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدم اعتماد سے پہلے ہوم ورک مکمل کر کے اتحادیوں کو بھی رضامند کریں گے۔