نوشکی اور پنجگور میں 15 دہشت گرد ہلاک اورفورسز کے 4 جوان شہید ہوئے، وزیرداخلہ
اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نوشکی اور پنجگور میں 15 دہشت گرد ہلاک اور سیکیورٹی فورسز کے 4 جوان شہید ہوئے۔ بلوچستان کے ضلع نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کے حملوں اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت اور دہشت گردوں کی ہلاکت پر ایک ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، اور پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو باہر نکال دیا۔وزیرداخلہ نے بتایا کہ نوشکی میں ہونے والے حملے میں 9 دہشت گرد مارے گئے، اور پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے، جب کہ پنجگورمیں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے، اور دہشت گردوں نے پنجگور میں پاک فوج کے چار یا پانچ جوانوں کوگھیررکھا ہے، تاہم پاک فوج ان دہشت گردوں کو شکست فاش دے گی۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملوں کو پسپا کرنے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہماری سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے میں سکییورٹی فورسز کے عزم اورحوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔