Official Website

انتظار کی گھڑیاں ختم؛ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا میلہ آج سجے گا

303
Banner-970×250

کراچی: انتظار کی گھڑیاں ختم، چوکوں چھکوں نے طوفان نے ساحلی شہر کا رخ کرلیا جب کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آج کراچی میں آغاز ہوگا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا،تسلسل سے کورونا کیسز سامنے آنے کے باوجود ہر حال میں میلہ سجانے اور چوکوں، چھکوں سے خوف اڑانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مختصر افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے اور حریف کپتان بابر اعظم کے ساتھ کئی یادگار شراکتیں نبھانے والے محمد رضوان دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے،ان کو گذشتہ سیزن کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ صہیب مقصود، خوشدل شاہ، رائیلی روسو جیسے جارح مزاج بیٹرز کی خدمات حاصل ہیں،ٹم ڈیوڈ بیٹ اور بال دونوں سے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔تجربہ کار بولرز عمران طاہر اور عمران خان سینئر کے ساتھ گذشتہ ایونٹ کے کامیاب ترین پیسر شاہنواز دھانی بھی ایک بار پھر دھوم مچانے کیلیے بے تاب ہوں گے۔میزبان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کے سپرد ہے،نوجوان بیٹر کوکیریئر میں پہلی بار فرنچائز کرکٹ میں کپتان مقرر کیا گیا ہے۔آئی سی سی کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی قیادت کیلیے نامزد ہونے والے بابر اعظم اس نئے تجربے کو بھی کامیابی سے ہمکنار کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے،کپتان کو جارح مزاج اوپنر شرجیل خان کا ساتھ میسر ہے،جوکلارک بھی چھکے چھڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،ٹام لیمن بائی،محمد نبی،لوئیس گریگوری آل راؤنڈ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔2 اہم کھلاڑی عماد وسیم اور کرس جورڈن کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاعات ہیں،پیس پاور کی کمان محمد عامر سنبھالیں گے،عمید آصف،محمد الیاس اور محمد عمران بھی سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔ میچ کے حوالے سے محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل میں اعزاز کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہم افتتاحی میچ سے ہی مہم کا کامیاب آغاز کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔بلاشبہ ہم نے گذشتہ سیزن کا ٹائٹل جیتا مگر وہ اب ماضی ہوچکا، اب نیا سال اور نیا امتحان ہے، چند کھلاڑی بھی تبدیل ہوئے ہیں، ہمیں نئی اور مختلف سوچ کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، انھوں نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین بیٹر اور کپتان ہیں۔ان کی قیادت میں کراچی کنگز بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، امیدہے کہ ایک کانٹے دار میچ سے لیگ کا آغاز ہوگا۔ بابر اعظم نے کہا کہ مجھے پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، میں اس اہم ذمہ داری کو بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کروں گا، ملتان سلطانز دفاعی چیمپئن اور ایک سخت جان حریف ہیں، ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں شائقین کی بہت دلچسپی ہوتی ہے۔امید ہے سنسنی خیز مقابلہ ہوگا،انھوں نے کہا کہ پیٹر موریس ایک منجھے ہو ئے کوچ ہیں، پلاننگ کے حوالے سے ان کے ساتھ اچھی بات چیت ہوئی ہے، اس سیزن میں کراچی کنگزکی ٹیم بہتر کھیل پیش کرے گی۔یاد رہے کہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں گنجائش کے25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے۔نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے،میدان کی وسطی پچز تیار کرلی گئی ہیں، چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر ٹریکس کو اسپورٹنگ رکھنے کی کوشش ہوئی ہے، شائقین بڑی بے تابی سے چوکوں، چھکوں کی برسات کے منتظر ہوں گے،وینیو کی تزیئن و آرائش میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، اسٹیڈیم روشنیوں میں نہا رہا ہے،اطراف کی سڑکیں بھی فلڈ لائٹس سے روشن ہیں اسٹیڈیم کے گرد حفاظتی حصار تو کئی روز قبل ہی قائم کردیا گیا تھا،اب کو مزید مضبوط بنا دیا گیا ہے،رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد ڈیوٹی پر معمور ہے،ہوٹل سے اسٹیڈیم تک روٹس کی بھی کڑی نگرانی ہو رہی ہے،شائقین کو بھی سیکیورٹی مراحل اور کورونا کلیئرنس کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔