Official Website

عالمی برادری مسلم نسل کشی کی دھمکی پر مودی سرکار کی خاموشی کا نوٹس لے، عمران خان

191
Banner-970×250

اسلام آباد: وزیرعظم عمران خان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک انتہا پسند ہندو رہنما کے 20 کروڑ مسلمانوں کے قتل عام کی دھمکی دینے پر مودی سرکار کی خاموشی کا نوٹس لے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں مودی سرکار میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں پر بڑھتے ہوئے مظالم اور قتل عام کی دھمکیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ گزشتہ ماہ ہندوتوا شدت پسندوں کے اجتماع میں بھارت میں ایک مقرر نے 20 کروڑ مسلمانوں کے قتلِ عام پر اکسایا اور دھمکیاں دیں جس پر تاحال مودی سرکار نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مودی سرکار کی قتل عام کی دھمکیوں پر مسلسل خاموشی اس سوال کو جنم دیتی ہے کہ آیا بی جے پی کی حکومت قتل عام کی دھمکیوں کی حمایت کرتی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کی نزاکت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور کارروائی کرے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی سرکار کے شدت پسندانہ نظریے کے سائے میں ہندوتوا جتھے پوری ڈھٹائی اور آزادی سے بھارت میں تمام مذہبی اقلیتوں پر حملہ آور ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ مودی سرکار کے یہ شدت پسندانہ عزائم ہمارے علاقائی امن کیلئے ایک جیتا جاگتا اورحقیقی خطرہ ہیں۔واضح رہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کے اجتماع میں ایک مقرر نے شرکاء کو مسلم نسل کشی پر اکساتے ہوئے کہا تھا چند سو سرپھرے ہندو 20 کروڑ مسلمانوں کے قتل عام کے لیے کافی ہیں اور اس کے لیے آپ کو کسی سے خوف زدہ ہونے کی بھی ضرورت نہیں۔