Official Website

کوہاٹ‘ اورکزئی، کرم میں برفباری‘ پہاڑوں سے سفید چادر اُڑھ لی

412
Banner-970×250

کوہاٹ، اورکزئی(نمائندہ خصوصی، بیورو رپورٹ) نئے سال کے آغاز پر ملک میں برفباری کے ایک اور سلسلے نے انٹری دے دی۔ضلع اورکزئی کے مختلف علاقوں سمانہ،مشتی میلہ،فیروز خیل، ڈبوری، کلایہ سمیت مختلف علاقوں میں برفباری سے پہاڑ سفیدی میں چھپ گئے۔ضلع اورکزئی کے مختلف علاقوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سمپوگ ودیگر بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم شدید سرد ہو گیاہے،سمانہ میں روئی کے گالے گرے تو شہری لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے نکل آئے۔ غلجو میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔وادی تیراہ میں بھی سال نو کی پہلی اور موسم سرما کی دوسری برف باری کا سلسلہ گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔اورکزئی کے زیریں علاقوں میں 1انچ اور بالائی علاقوں میں 6انچ برف باری ریکارڈ کی گئی۔وقفہ وقفہ سے جاری برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ وادی تیراہ اور اورکزئی میں سال نو کی پہلی برف باری سے ہر سو پھیلی برف کی چادر نے قبائیلی علاقہ کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے ہیں، برف باری کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے، برفباری کی وجہ سے کوہاٹ اور ہنگو کے شہروں میں یخ بستہ ہواوں کا راج برقرار ہے۔ اورکزئی اور وادی تیراہ میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے ڈیرے جما لئے ہیں۔سمانہ میں برفباری نے نظارے حسین کر دئیے اور سیاحوں کی ایک بڑی تعداد نے سمانہ کا رخ کرلیا ہے مگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے برفباری والے علاقوں میں سفر کرنے سے منع کردیا ہے اورکزئی اور وادی تیراہ میں برفباری شروع ہونے کے بعد کوہاٹ میں سال نو کی پہلی بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔