کوہاٹ‘ منی بجٹ کے پیش ہونے کے بعد اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں زبر دست اضافہ
کوہاٹ (سٹاف رپورٹر) منی بجٹ آنے کے بعد کوہاٹ میں مختلف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں زبردث اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سبزیاں اور پھل بھی مہنگے ہوگئے ہیں تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے منی بجٹ پیش کئے جانے کے بعد کوہاٹ کے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث غریب اور دیہاڑی دار مزدوروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں جن کیلئے پہلے ہی دو وقت کی روٹی کمانا مشکل تھا اب مزید مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دئیے گئے ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران سبزیوں، پھلوں،مرغی،انڈوں سمیت دودھ دہی اور گوشت کی قیمتوں کو بڑھایا گیا ہے ٹماٹر جو منی بجٹ سے پہلے 60 روپے کلو میں فروخت کئے جا رہے تھے اب قیمت 100 روپے سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ آلو بھی 80 روپے کلو تک پہنچ گئے ہیں اسی طرح سردیوں میں حلوے کیلئے گاجر کا استعمال زیادہ ہوجانے پر گاجر کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے اور فی کلو گاجر 200 روپے سے 250 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے اسی طرح پھلوں میں سیب 250 روپے کلو اور امرود 150 روپے کلو میں فروخت کئے جارہے ہیں۔ گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں 100 سے 200 روپے کلو تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ قیمہ بھی فی کلو 700 روپے اور بکریوں کے پائے 800 روپے فی درجن سے بڑھا کر 1500 روپے فی درجن تک پہنچ گئی ہے۔