Official Website

ایس ای سی پی کے نئے چیئرمین عامر خان نے چارج سنبھال لیا

421
Banner-970×250

اسلام آباد: سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے نئے چیئرمین عامر خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، ان کی تعیناتی کی منظوری وفاقی کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں دی جس کا نوٹیفکیشن جمعہ کو جاری کیا گیا۔

موجودہ حکومت  کی جانب سے عامر خان کو نومبر 2018 میں ایس ای سی پی میں کمشنر تعینات کیا  گیا تھا۔عامر خان اپنی  نئی تعیناتی سے قبل ایس ای سی پی میں کمپنی لا ڈویژن (کارپوریٹ سپرویژن)، اسپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن اور انفارمیشن سسٹم اینڈ ٹیکنالوجی کے امور کے نگران کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے، وہ کارپوریٹ بینکنگ، مالیاتی مصنوعات، کیپیٹل مارکیٹ اور ریگولیٹری اصلاحات کے شعبے میں 30 سال سے زائد عرصے کا  تجربہ رکھتے ہیں۔

کمشنر بننے سے پہلے عامر خان ایس ای سی پی میں ہی2012 سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں، اس دوران وہ ایس ای سی پی کے اہم آپریشنل محکموں اسپیشلائزڈ کمپنیز ڈویژن، سیکورٹیز مارکیٹ سرویلنس ڈپارٹمنٹ، کموڈیٹیز مارکیٹ ڈپارٹمنٹ اور محکمہ بین الاقوامی تعلقات  کے سربراہ رہے، وہ ایس ای سی پی کے  چیف ترجمان کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ہیں۔

ایس ای سی پی میں  اپنی ملازمت کے دوران عامر خان نے  پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں  مرابحہ کو متعارف کروانے، جدید ویئر ہاؤسز کی الیکٹرانک رسیدوں کے ذریعے اجناس کی ٹریڈنگ کے ریگولیٹری فریم ورک  کی تشکیل، مائیکرو فنانس کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے دائرہ کار میں شامل کرنے اور پاکستان میں کاروباری آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے اصلاحات  متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بطور کمشنر انہوں نے ایس ای سی پی کے ریگولیٹری امور کو  ڈیجیٹلائز کرنے، کارپوریٹ قوانین کو آسان بنانے اور ریگولیٹری فیسوں میں کمی کے ذریعے کاروباری  اخراجات کو کم کرنے سے متعلق اصلاحات کے لیے بھی کام کیا۔