شبلی فراز نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی
اسلام آباد: وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بہت سے کارکن ہمارے ناراض تھے اس لئے ہم بلدیاتی انتخابات میں ہار گئے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے خیبرپختون خوا کے بلدیاتی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا، ہمارے بہت سے کارکنان پارٹی قیادت سے ناراض تھے اس لئے ہم ہار گئے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ تمام صورتحال کے باوجود بھی ہم تحریک انصاف سیٹیں نکال رہی ہے، اور ابھی بہت سے پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنا باقی ہے، ہماری ہار کی ایک وجہ مہنگائی بھی ہے، لیکن یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، تاہم پارٹی میں کہاں کمزوری ہوئی ہم اس کا جائزہ لیں گے، تنظیمی سطح پر کہاں کہاں کمزوریاں ہیں وہ بھی دیکھ رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے بلدیاتی انتخابات میں صرف چند نشستوں پر کامیابی حاصل کی، لیکن یہ پہلا مرحلہ تھا، ہمیں آگے کے لئے بہت سی تیاری کرنی ہے۔خود پر حملے کے حوالے سے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کل مجھ پر بھی حملہ ہوا اللہ نے محفوظ رکھا، کل کے انتخابات کے دوران کچھ اور بھی افسوسناک واقعات ہوئے جو کہ نہیں ہونے چاہیے تھے۔ شوکت ترین کی سنیٹ میں کامیابی صوبے کے لئے بہتر ہے۔