پیپلز پارٹی نے لاہور میں نیا جنم لے لیا، آصف زرداری
لاہور: این اے 133 میں شاندار نتائج پر سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول نے کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کو فون کرکے مبارکباد دی، انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت ،ان کی ٹیم اور کارکنوں کی محنت رنگ لائی ہے۔ لاہور کا ضمنی الیکشن پیپلز پارٹی کیلیے ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ہے۔پیپلز پارٹی نے لاہور میں نیا جنم لے لیا ہے جو پنجاب میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے رہنم اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے این اے133میں ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ مسلم لیگ ن کے پاس ارکان اسمبلی، میئر، ڈپٹی میئر اور ناظمین تھے۔ پیپلزپارٹی کے ورکروں نے نہتے ہوکر مقابلہ کیا اور اتنے ووٹ لیے۔ لوگ کہتے تھے پانچ ہزار ووٹ والے کیا لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ثابت کردیا جب وہ میدان میں آتی ہے تو میدان سج جاتا ہے۔ دیگرجماعتوں سے جو لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوئے وہ فیملی بن گئے ہیں، کارکنوں نے جس محنت اور لگن سے کام کیا وہ قابل تعریف ہے، پیپلز پارٹی نے ضمنی الیکشن کی شکل میں جو تحریک شروع کی وہ پنجاب بھر میں پھیلے گی، جلد تنظیم سازی کریں گے، بلاول بھٹو اور آصف علی زردای کی جانب سے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔