راولپنڈی کے تھانے میں شہری کا موبائل فون چوری
راولپنڈی کے تھانے بھی محفوظ نہیں رہے، کیوں کہ تھانہ وارث خان کے اندر سے شہری کو موبائل فون غائب ہونے کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے، شہری موٹرسائیکل چوری کی رپورٹ درج کرانے آیا الٹا قیمتی موبائل فون گنوا بیٹھا، ایس ایچ او بھی نہ گھبرایا اور فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر پالیسی پر عمل کرتے ہوئے اپنے ہی تھانے سے موبائل فون غائب ہونے کا مقدمہ درج کرلیا۔تھانہ وارث خان میں پیش آنے والے انوکھے واقعے کے حوالے سے علی رضا نامی شہری ایس ایچ او وارث خان یاسر عباسی کو رجوع کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل چوری کی رپورٹ درج کرانے کے لیےداماد کے ساتھ تھانے آیا، لیکن پریشانی کی حالت میں موبائل فون جس میں دو مختلف نمبروں کی سمیں بھی تھیں تھا نے میں بھول گیا، گھر پہنچنے پر یاد آئی تو لینے کے لیے تھانے آیا تو موبائل فون نہ ملا، خدشہ ہے کہ موبائل فون کہیں غلط استعمال نہ ہوجائے لہذا تلاش کرکے واپس دیا جائے۔ شہری کے رجوع کرنے پر ایس ایچ او یاسر عباسی نے فری رجسٹریشن آف ایف آئی آر کی میرٹ پر اندراج کی مثال قائم کردی اور اپنے تھانے میں تھانے سے غائب ہونےوالے موبائل فون کی چوری کا مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج و موبائل فون ٹریکنگ کے ذریعے تلاش شروع کردی، ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ شہری کی درخواست پر فری رجسڑیشن آف آیف آئی پالیسی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، تفتیش جاری ہےاگر تھانے کے اندر سے کوئی موبائل اٹھانے یا چوری کرنے میں ملوث ہوا تو میرٹ پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔