Official Website

کرک‘ تنگوڑی سر چوک سے کرک سٹی کو گیس فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغاز

269

کرک(سٹاف رپورٹر)کرک شہر کو متبادل کے طور پر تنگوڑی سر چوک سے گیس فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغازکردیا گیا ، تنگوڑی سر چوک میں ٹی بی ایس کی تنصیب کی جائیگی ، خٹک قومی موومنٹ کے صدر مدثر ایوب کے ہمراہ سوئی نادرن کے پراجیکٹ انجینئر کا دورہ ، منصوبے کو دس روز کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کی یقین دہانی ، ٹی بی ایس کی تنصیب سے انڈس ہائی وے کے اطراف کے علاقوں کو گیس فراہمی سمیت شہر میں پریشر کی کمی کا مسئلہ حل ہوگا ، فیز ٹو میں چھ انچ پائپ لائن کو تنگوڑی سر سے جامع چوک تک توسیع دی جائیگی۔سوئی نادرن کے پراجیکٹ انجینئر کاشف نوید نے گذشتہ روز بھاری مشینری کے ذریعے پائپ لائن پہنچا کر کام کا آغاز کرایا جبکہ اس موقع پر خٹک قومی موومنٹ کے صدر مدثر ایوب بھی ان کے ہمراہ تھے اس موقع پر سوئی نادرن کے ذمہ دار نے بتایا کہ تنگوڑی سر چوک میں ٹی بی ایس کی تنصیب سمیت مذکورہ مقام سے شہر کے دیگر علاقوں کو متبادل کے طور پر گیس فراہم کیا جا ئیگا جس میں پندرہ روز لگ سکتے ہیں انہوںنے مزید بتایا کہ تنگوڑی سر چوک اور خڑئے کورونہ ٹی بی ایس کیلئے درکار مشینری پہنچنے والی ہے اور دیگر ضروری کام نمٹایا جا رہا ہے اس موقع پر خٹک قومی موومنٹ کے صدر مدثر ایوب نے میڈیا کو بتایا کہ تنگوڑی سر اور خڑئے کورونہ ٹی بی ایس کی تنصیب سے انڈس ہائی وے کے اطراف کے علاقوں کو فوری گیس فراہمی کیا جائیگا جبکہ انہوںنے مزید بتایا کہ جیل چوک تا تحصیل چوک پائپ لائن کی تبدیلی ہمارے مطالبے میں شامل ہے لیکن تب تک تنگوڑی سر چوک سے متبادل کے طور پر شہری علاقوں کو گیس پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائیگی انہوںنے مزید کہا کہ سوموار کے روز ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ہونے والے کھلی کچہری میں جیل چوک تا تحصیل چوک نئے پائپ لائن کی فوری تنصیب ، انڈس ہائی وے کے اطراف کے دیہات کو گیس فراہمی سمیت شہری علاقوں کو گیس لوڈشیڈنگ کے شدید عذاب کے حوالے سے دو ٹوک موقف کے ساتھ بات کرینگے اور کہا کہ کھلی کچہری میں سوئی نادرن کے جنرل مینجر بھی شریک ہونگے۔