Official Website

کوئٹہ، نامعلوم سمت سے تین راکٹ حملے، تین راہگیر زخمی، شہری علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

0

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف رہائشی علاقوں میں نامعلوم سمت سے داغے گئے تین راکٹوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا۔

راکٹ اختر محمد روڈ شانتی نگر، فقیر محمد روڈ عثمانیہ گلی اور میر احمد خان روڈ پر گرنے سے تین راہگیر معمولی زخمی ہو گئے جبکہ متعدد گھروں کو نقصان پہنچا۔

خوش قسمتی سے کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس اور سیکورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی رات کوئٹہ شہر کے مختلف حصوں پر تین راکٹ داغے گئے۔

پہلا راکٹ اختر محمد روڈ شانتی نگر میں ایک رہائشی گھر کی چھت پر گرا، جس سے چھت میں بڑا سوراخ ہو گیا اور گھر پر نصب سولر سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسرا راکٹ فقیر محمد روڈ عثمانیہ گلی میں رہائش پذیر محمد عثمان کے گھر کی چھت پر گرا۔ اس حملے سے گھر کی چھت اور دیواریں شدید متاثر ہوئیں، جس سے عمارت کو کافی نقصان پہنچا۔تیسرا راکٹ میر احمد خان روڈ پر واقع ایک ڈبل اسٹور گھر کی چھت کی چار دیواری سے ٹکرایا۔ نتیجے میں دیوار گر گئی اور قریبی راستے پر چل رہے تین راہگیر معمولی زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس، ایف سی اور دیگر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر تمام متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لے لیا علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔