حب بائی پاس کے قریب آئل ٹینکر سے 631 کلو چرس برآمد
انسداد منشیات کے ادارے (اے این ایف) نے بلوچستان کے علاقے حب میں کارروائی کرتے ہوئے آر سی ڈی روڈ پر حب بائی پاس کے قریب دوران تلاشی آئل ٹینکر سے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ چرس کا وزن 631 کلوگرام ہے۔ چرس آئل ٹینکر کے مختلف حصوں میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔دوران کارروائی پشین کے رہائشی دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان منشیات کوئٹہ سے کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دونوں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔