
لیاری کے علاقے میں غیر قانونی طور پر 70 دن میں 7 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کے معاملے پر عدالت نے ایس بی سی اے کو نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شہری زاہد حسین کی جانب سے لیاری میں غیر قانونی عمارت کی تعمیرات کے خلاف درخواست پر عدالت نے ایس بی سی اے حکام سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیے۔ عدالت نے فریقین سے 26 اگست کو جواب طلب کرلیا ۔
درخواست میں سندھ حکومت، ایس بی سی اے ، اینٹی انکروچمنٹ اور لینڈ ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں درخواست میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایس بی سی اے، بلڈرز شاہ جہان اور شاہ نواز کے علاوہ دیگر بھی فریق ہیں۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی طور پر عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ آگرہ تاج کالونی مرزا آدم خان روڈ پر واقع پلاٹ نمبر 25 پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہے۔ بلڈرز کی جانب سے 70 دن میں 7 منزلہ عمارت کھڑی کردی گئی ہے۔