پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کیلیے ٹیمیں آج متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی
لاہور: پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کیلیے ٹیمیں آج متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرینگی۔
پی ایس ایل 6 کے باقی میچز کیلیے ٹیمیں آج متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب کرینگی۔ شام کو ورچوئل ڈرافٹ میں اسکواڈز مکمل کیے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے باقی میچز کے لیے کئی غیر ملکی کرکٹرز دستیاب نہیں، شکیب الحسن، تمیم اقبال اور محمود اللہ ریاد بنگلہ دیشی ٹیم کی انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے معذرت کرچکے ہیں، آسٹریلوی عثمان خواجہ کی شرکت بھی مشکوک ہے، جنوبی افریقی جارج لِنڈے، آسٹریلوی جو برنز اوربین کٹنگ کی خدمات بھی میسر نہیں ہوں گی، ٹیموں کو ان اسٹار کرکٹرز کا خلا کرنا ہے، دوسری جانب کسی ٹیم کو بعد میں متبادل طلب کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اسی لیے پی سی بی نے تمام فرنچائزز کو دو، دو اضافی کھلاڑی ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دی ہے، ورچوئل ڈرافٹ میں ٹیمیں ان کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کرینگی، ذرائع کے مطابق ایونٹ میں شرکت کےخواہش مند غیر ملکی کرکٹرز کو ڈرافٹ کا حصہ بنانے سے قبل بغور جائزہ بھی لیا جارہا ہے کہ ان کی پاکستان یا براہ راست ابوظبی آمد میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔