ماہرہ خان بھارتی فلم سازوں کے ساتھ مزید کام کرنے کی خواہشمند
سپر اسٹار ماہرہ خان فلم رئیس کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو سے پاکستان سمیت بھارت میں بھی شہرت سمیٹنے والی شخصیات میں شامل ہیں۔
ماہرہ نے 2017 میں فلم رئیس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار نبھایا تھا اداکارہ اپنے متعددانٹرویوز میں شاہ رخ کے ساتھ کام کی خواہش کا اظہار کرچکی ہیں۔
تاہم ایک بار پھر ماہرہ خان نے بالی وڈ فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی مصنف انوپما چوپڑا کو دیے گئے ورچوئل انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ انہیں بالی وڈ سے کئی مرتبہ کام کی آفرز ہوئیں جنہیں بہترین کانٹینٹ کی وجہ وہ چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ لیکن وہ بالی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے خوفزدہ تھیں اور سوچتی تھیں کہ لوگ کیا سوچیں گے تاہم اب وہ ایسا نہیں سوچتیں، اب ان کا خیال ہے کہ وہ سیاسی باتوں کے لیے اپنے انتخاب کو پیچھے نہیں چھوڑسکتیں، اگر اب ایسا ہوا امید ہے میں تعاون کروں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ماہرہ خان کی بھارتی تھیٹر ڈرامے یار جولاہے میں بھی کام کرنے سے متعلق خبریں وائرل ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یار جولاہے میں ہندی اور اردو ادب کے ترقی پسند لکھاریوں مثلاً گلزار ، سعادت حسن منٹو، عصمت چغتائی، منشی پریم چند، امرتا پریتم کی کئی کہانیوں کو تازہ کیا گیا ہے۔