
مصطفی عامر اور ڈی ایس پی قتل کیس میں ملزم ارمغان کو جیل میں سہولیات کی تفصیلات عدالت میں پیش کردی گئیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مصطفی عامر اور ڈی ایس پی کے قتل سمیت 4 مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں جیل حکام کی جانب سے ارمغان کو جیل میں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات عدالت کو فراہم کردی گئیں۔
واضح رہے کہ ملزم ارمغان نے کیس کو دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست دائر کررکھی ہے۔
آج کی سماعت میں ملزم ارمغان کی والدہ نے عدالت میں پیش ہو کر سماعت مؤخر کرنے کی درخواست دائر کی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وکیل صفائی اپنے قریبی عزیز کے انتقال کی وجہ سے شہر سے باہر ہیں۔ وہ پیش نہیں ہو سکتے، لہٰذا سماعت ملتوی کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق کیس میں ملزم ارمغان اور شریک ملزم شیراز گرفتار ہیں۔ پولیس نے 8 فروری 2025 کو ارمغان کی گرفتاری کے لیے اس کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔
ملزم ارمغان کے خلاف مصطفی عامر کے قتل، پولیس مقابلے سمیت دیگر مقدمات درج ہیں۔