
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں پونے تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں لیکن حکومت اس حوالے سے عملی اقدامات نہیں کر رہی ہے جبکہ لیپ ٹاپ بانٹ کر سستی شہرت حاصل کرلیتے ہیں۔
جماعت اسلامی نے لاہور میں حافظ کا ساتھ دو بدل دو نظام ممبر شپ مہم کا آغاز کیا جو 25 اپریل سے 15 مئی تک جاری رہے گی، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پورے ملک میں جماعت اسلامی کے 50 لاکھ ممبر بنائے جائیں گے اور یہ نوجوان ہر گھر تک جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کا استحصال کر رہی ہے، حکومت نے 3500 روپے من گندم کی قیمت مقرر کی لیکن کسانوں کو یہ سرکاری قیمت بھی نہیں مل رہی ہے جبکہ حکومت کا فوکس عوام کے پیسوں سے اپنے اشتہار چلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں پونے تین کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، بچوں کے اسکول آؤٹ سورس کیے جارہے ہیں، لیپ ٹاپ بانٹ کر یہ سستی شہرت تو حاصل کرلیتے ہیں مگر حقیقی معاملات کی طرف دھیان نہیں ہے۔