پوری کوشش ہے حکومت گھر چلی جائے، شہباز شریف
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔شہباز شریف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنس میں احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔عدالت کے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو اپنے کرتوتوں کی وجہ سے خوفزدہ ہونا چاہیے، ملک میں تباہی کی داستان ہے، کرپشن نے غریب آدمی کو تباہ حال کر دیا ہے، مہنگائی آسمانوں سے بات کر رہی ہے، کرپشن کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے اس کی تصدیق کی ہے۔حکومت کے گھر جانے متعلق سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ تو اللہ تعالیٰ کو پتا ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہے۔